کوئٹہ:قبائلی رہنماءنوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے نامعلوم افراد کے بی این پی کی خاتون رکن اسمبلی شکیلہ نوید دہوار کے گھر میں گھسنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ رکن بلوچستان اسمبلی کے گھر پر نامعلوم افراد کے حملے نے امن و امان سے متعلق حکومتی بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھول دی ہے ، ایم پی ایز ہاسٹل جیسے علاقے میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا سوالات کو جنم دیتا ہے ،
واقعے میں چادر و چار دیواری کے تقدس اور صوبے کی روایات کو پامال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ بلوچستان کے حقوق کیلئے بلوچستان اسمبلی کے فلور پر بلند ہونیوالی آواز دبانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کراکے ملوث عناصر کو گرفتار کرکے حقائق منظر عام پر لائے۔