کوئٹہ: شوہر اور کم سن بچیوں کو قتل کرنے والی خاتون نے شوہر کی دوسری شادی کو قتل کی وجہ قراردیدی ہے ۔پولیس کو جائے وقوعہ پرہاتھ سے لکھی ہوئی ایک تحریر ملی ہے جس پر خاتون سمیرا سلیم عرفان نے شوہر کو قتل کرنے کی وجہ بھی لکھی ہے۔
جس میں کہاگیاہے کہ میں سمیرا سلیم عرفان زوجہ سلیم عرفان نے اپنے شوہر اور بچیوں کو اپنے ہاتھ سے ختم کیاہے کیونکہ میرا شوہر شادی سے قبل رسال پور سے تعلق رکھنے والی خاتون کو چاہتاتھا لیکن پیسوں کی لالچ میں آکر اس نے اپنی بہن کے کہنے پر مجھ سے شادی تو کرلی لیکن مذکورہ خاتون سے رابطہ نہیں چھوڑا اور اب اس سے شادی کرکے مجھے طلاق دے رہاتھا ۔
مجھے اور میری بچیوں کو ساری عمر کیلئے ختم کرناچاہتاتھا اور وہ مسلسل چھ سال سے مجھے دھوکہ اور مکاری کررہاتھا اس لئے میں نے اسے (شوہر) اپنے آپ اور اپنی بچیوں کو ختم کیاہے کیونکہ اس کے (شوہر) کے بغیر بھی زندہ رہ کر میں نے اور میری بچیوں نے در در کی ٹھوکریں ہی کھانی تھی ۔واضح رہے کہ قتل کی واردات 21 جنوری بروز جمعرات رپورٹ کی گئی تھی۔
ملزمہ سمیرا نے تیز دھار آلے سے شوہر اور 2 بیٹیوں کو گھر کے اندر قتل کیا تھا۔ قتل کے بعد خاتون نے خودکشی کی کوشش، تاہم اسے بے ہوشی کی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمہ نے پہلے شوہر اور 2 بیٹیوں کو بے ہوشی کے انجیکشن لگائے اور پھر گلے کاٹ کر قتل کیا۔ بچیوں کی عمریں 4 اور 6 سال تھیں۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ان کے آبائی شہر کیلئے پنجاب روانہ کردی گئیں۔
خاتون پیشے کے اعتبار سے نرس ہے، جس نے کمرے میں گیس کھلی چھوڑ کر خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تھی، تاہم رشتہ داروں کی بروقت اطلاع پر پولیس نے موقع پر خاتون ملزمہ کو بچا لیا اور ابتدائی طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ قتل کی وجوہات سامنے نہ آسکیں۔