کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک، جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے سلیکٹڈ حکمرانوں کی جانب سے بجلی اوریوٹیلٹی اسٹورزپر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کو غربت اور مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور خود کش حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے 22کروڑ عوام موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکمرانوں سے بے زارہوچکے ہیں ۔
اوران سے نجات چاہتے ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ نا اہل اورسلیکٹڈ وفاقی حکومت نے پٹرولیم منصوعات کے بعد اب بجلی کی قیمتوں میں 1روپیہ 95پیسے اور یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کرکے غریب عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ موجودہ حکمرانوںنے اقتدارمیں آنے سے قبل عوام کو سبزباغ دکھائے اقتدار میں آنے کے بعد نا اہل حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی۔
بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے تمام تر خرابیوں کی ذمہ داری سابقہ حکومتوں پر ڈالنے کے بیانات دے رہی ہے لیکن عوام اب باشعورہوچکے ہیں۔
انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں رکھتے جن سے عوام بے زار آچکے ہیں اور ان سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں جلد ہی موجودہ نا اہل اورسلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائیں گی۔