کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے زیر اہتمام صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئرمحمدعارف کی زیر نگرانی آن لائن کچہری منعقد ہوئی ۔آن لائن کچہری میں سپرنٹنڈنگ انجینئر سینٹرل سرکل کیسکوناصرمندوخیل،ڈپٹی منیجر (پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر) انجینئرپرتاب رائے،فوکل پرسن کمپلینٹس وَایڈیشنل منیجر(جنریشن) پریتم کمارسمیت دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو انجینئرمحمدعارف نے آن لائن کچہری میں صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کی شکایات کے بروقت ازالہ اور ان کے مسائل کے حل کے لئے آن لائن کچہریوں کااانعقاد کررہی ہے۔اس سلسلے میں اب سینٹرل سرکل کوئٹہ، پشین، لورالائی، خضدار، مکران، سبی کے آپریشن سرکلزمیں بھی سپرنٹنڈنگ انجینئرزکی زیرنگرانی منعقد کی جارہی ہے۔
تاکہ آن لائن کچہری میں صارف کابجلی سے متعلق مسئلہ بروقت حل کیاجاسکے۔ انہوںنے کہاکہ تمام ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز اپنے متعلقہ صارفین کو بجلی سہولیات کی فراہمی اور اُن کی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنارہے ہیں ۔اس موقع پر انہوںنے فون پر رابطہ کرنے والے صارفین سے گزارش کی کہ وہ اپنے ذمہ بجلی کے بل بروقت جمع کرائیں اور بجلی کے غیرقانونی استعمال کرنے والے بجلی چوروں کی نشاندہی کرنے میں بھی کیسکوسے تعاون کریں۔
آن لائن کچہری میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ کے دیگر علاقوںسے بھی صارفین نے فون پر رابطہ کرکے چیف ایگزیکٹوآفیسرکیسکو کو اپنے متعلقہ علاقوںمیںبجلی سے متعلق مسائل اور شکایات سے آگاہ کیا۔صارفین کودرپیش آنے والے مسائل میں وولٹیج میں کمی بیشی ، بعض علاقوںمیں لوڈشیڈنگ کے دورانئے کو کم کرنے ،گھریلوکمرشل اور دیگر نئے کنکشنز کی جلدازجلد فراہمی ،اوورلوڈڈٹرانسفارمرزکی تبدیلی ۔
صارفین کو بلوں کی بروقت وصولی اورمیٹرریڈنگ کی درستگی جیسے شکایات شامل تھیں ۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسرنے موقع پر ہی شکایات حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔صارفین نے چیف ایگزیکٹوآفیسرسے درخواست کی کہ آن لائن کچہری کے انعقادکو جاری رکھاجائے تاکہ عام صارف کا کیسکوکے اعلیٰ حکام سے مسائل کے حل کیلئے رابط ممکن ہوسکے۔