|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر صحافی برادری اور نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی صحافتی برادری جس طرح سے جمہوری روایات کے تحت صاف و شفاف انتخابات کے ذریعہ اپنے نمائندے منتخب کرتی ہے۔

وہ قابل ستائش اور صحافی برادری کی جمہوری سوچ کا عکاس ہے۔ انہوں نے بی یوجے کے نومنتخب صدر سلمان اشرف، جنرل سیکرٹری فتح شاکر اور دیگر عہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود،ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بھرپور انداز میں برؤے کار لاتے ہوئے اپنے ساتھیوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت اورمیڈیا کے درمیان مثالی تعلقات ہیں اور حکومت ان تعلقات کو مزید وسعت دیکر صحافیوں کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ ڈالے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توقع رکھتی ہے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے حکومت کی رہنمائی کرنے اور صحت مندانہ صحافتی اقتدار کی سر بلندی کے لئے صحافی برادری اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی یوجے کو حکومت کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔