|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2021

اسلام آباد/کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل نے اسپیکرقومی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال، دورہ افغانستان اور بلوچستان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ صوبہ بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی موجودہ حکومت کی ترجیحات کا اہم جزو ہے، بلوچستان کی عوام کی احساس محرومی کا ازالہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے۔

انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی میں صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی بلوچستان کی عوام کی بھرپور انداز میں نمائندگی کا موقع دیا جاتا ہے، صوبہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پورے ملک کے معاشی استحکام کو یقینی بنائے گی۔ اسد قیصر نے کہاکہ سی پیک منصوبہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، گوادر پورٹ صوبہ بلوچستان کی ترقی کا مرکز بنے گا۔

انہوںنے کہاکہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل سے صوبے کی عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا، عوامی نمائندے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی بابر خان موسیٰ خیل نے اسپیکر کی بلوچستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے جذبات کو سراہا۔ ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہاکہ صوبہ بلوچستان میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے، وفاقی حکومت کا صوبہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی لائق تحسین ہے۔