کوئٹہ: بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس اور حکومت کے درمیان مطالبات کی منظور ی کے لئے ڈیڈلاک برقرار ، دھرنا بدستور جاری سرکاری امور ٹھپ ،شہر کا نظام درہم برہم ، تفصیلات کے مطابق بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرز گرینڈ الائنس کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25فیصد ڈسپیرٹی الائونس دینے سمیت 19نکاتی ایجنڈے کی منظور ی کے لئے دھرنا 11ویں روز بھی کوئٹہ کے عبدالستار ایدھی چوک پر جاری رہا۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے داد محمد بلوچ حاجی حبیب الرحمان مردانزئی، عبدالسلام زہری ، علی بخش جمالی اور عبدالخالق زہری نے کہا کہ دھرنے کو سیاسی کہنے کے الزامات حقائق سے بر عکس ہیں دھرنے میں تمام ملازمین اپنے حقوق کے لئے سراپا احتجا ج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اساتذہ نے جماعت نہم اور دہم کے امتحانات کا بائیکاٹ کیا ہے جو بھی اسکول دفتر جائے گا وہ ملازمین کا غدار ہوگا بورڈ سے گزارش ہے امتحانات پر نظر ثانی کریں بچوں کا مستقبل خراب نہ کریں،انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے حقوق سے کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہونگے ۔