|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2015

میلبورن: آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 109 رنز سے شکست دے کر چھٹی بار ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے، اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور 75 رنز کی شراکت قائم کرکے مضبوط بنیاد رکھی، شیکھر دھون 30 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے جب کہ ویرات کوہلی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 3 رنز بنا کر روبیل حسین کا شکار بنے، روہت شرما نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 126 گیندوں میں 137 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ سریش رائنا نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انجکیا رہانے 19 کے انفرادی اسکور پر تسکین احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان مہندرا سنگھ دھونی 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے، روندرا جدیجا 23 اور روی چندرن اشون 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسین اور شکیب الحسن کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ بنگلادیش کی بیٹنگ لائن 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بری طرح لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 45 اوورز میں 193 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 33 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد بنگلادیشی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہوگئے جس کا بھارتی بولروں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور وقفے وقفے سے حریف ٹیم کے بلے بازوں کو پویلین بھیجتے رہے، بنگلادیش کی جانب سے ناصر حسین 35 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جب کہ صابر رحمان نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں تمیم اقبال 25، عمر القیس 5، سومیا سرکار 29، محمود اللہ 21، شکیب الحسن 10، مشفیق الرحیم 27 اور مشرفی مرتضیٰ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کے امیش یادؤ نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد شامی اور رویندرا جدیجا نے 2،2 جب کہ موہت شرما نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بہترین بلے بازی پر روہت شرما کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔