|

وقتِ اشاعت :   August 10 – 2021

کوئٹہ: جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں 14اگست کے سلسلے میں لگائے گئے سٹالز پر دستی بموں سے حملے بلوچستان کی روایات کے منافی ہے کچھ عناصر اپنے آقائوں کو خوش کرنے کیلئے خوف کا ماحول پیداکرنا چاہتے ہیں۔

جس کی ہم کسی بھی صورت اجازت نہیں دینگے 14اگست کو شایاں شان طریقے سے منایا جائے گا دستی بم حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں بلوچستان کے روایات کو پامال کرنے والوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا ‘اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ 14 اگست کے لیے لگائے گئے اسٹال(ریڑھی) اور دو پیسے کمانے والے مزدورں پر حملہ کرنے والے انسانیت کا دشمن ہے کچھ لوگ جو ان دہشتگردوں کی سرپرستی اور سہولت کاری میں ملوث ہیں۔

انہیں یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ یہ دہشتگرد بھارتی ایما پر کام کرکے بلوچستان میں افراتفری، قتل و غارتگری، بم دھماکے اور بے گناہ معصوم لوگوں کو شہید کرکے آزادی آزادی کا راگ آلاپتے ہیں یاد رکھیں یہ کرائے کے قاتل ہیں جو بھارت سے پیسے لے کر اپنے ہی لوگوں کے خلاف لڑتے ہیں اور بے شمار بلوچوں کے قاتل بھی یہی لوگ ہیں یاد رکھیں ایک دن یہ آپکو بھی ڈسیں گے ان دہشتگردوں کے شر سے کوئی محفوظ نہیں ہے اب بھی اگر سمجھ نہیں آرہی تو کل رات کوئٹہ میں ایک ریڑھی بان پر ہونے والے حملے کو ہی دیکھ لیں اب آپ خود سوچیں کہ کسی بے گناہ کو مارنا کونسی جنگ ہے۔