|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2021

کوئٹہ: چیئرمین ہدہ سپورٹس ایکشن کمیٹی نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے معروف ایوب اسٹیڈیم میں جہاں دیگر کھیلوں کے میدان اور ہالز قائم ہیں وہاں خواتین کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک ہال مختص ہے جہاں پردے کے باقاعدہ اہتمام کے ساتھ ایک چاردیواری کے اندر خواتین کھلاڑیوں کے لیے مختلف کھیلوں کے انعقاد کے مواقع اور سہولیات میسر ہیں مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ خواتین کے اس مخصوص ہال میں بھی مرد کھلاڑیوں کے کھیل جاری ہیں۔

جس کی وجہ سے خواتین کھلاڑی وہاں جانے سے گریزاں ہیں اور ان خواتین کو مجبورا کھلے میدان میں اپنے کھیلوں کا انعقاد کرنا ہوتا ہے جس کا واضح ثبوت جشن آزادی کی مناسبت سے حالیہ کھیلوں کا انعقاد ہے جہاں خواتین کھلاڑیوں کو اوپن گراؤنڈ میں کھیلنا پڑا خواتین کھلاڑی اس بابت ہدہ سپورٹس ایکشن کمیٹی کے پاس اپنی شکایات درج کروا چکی ہیں۔اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مرد کھلاڑی بھی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔لہذا ان کے لیے متبادل بندوبست کیا جائے۔

انہوں نے مشیر کھیل و ثقافت، سیکرٹری سپورٹس اور ڈی جی اسپورٹس سے پرزور گزارش ہے کہ خواتین کھلاڑیوں کیلیے مختص ہال فوری طور پر واگزار کروا کر خواتین کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ چاردیواری کے اندر رہتے ہوئے پردے کے باقاعدہ اہتمام کے ساتھ کھیل سکیں اس سے نہ صرف خواتین کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا بلکہ انکے کھیلوں میں مزید نکھار پیدا ہو جائے گا اور وہ ملک و ملت کا نام ضرور روشن کرینگی۔