|

وقتِ اشاعت :   August 16 – 2021

کراچی:  پاکستان کی نمائندہ میڈیا تنظیموں کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)، آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)، پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اور نیوز ڈائریکٹرز (اے۔ای۔ایم۔ای۔این۔ڈی) پر مشتمل مشترکہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے پی ایم ڈی اے کے قیام کی پیش رفت کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا ہے۔

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات اور ان تنظیموں کے مابین ہونے والی ملاقات کے حالیہ گردش کردہ نکات گمراہ کن ہیں اور انہیں جان بوجھ کر مسخ کیا گیا ہے۔ جس سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پی ایم ڈی اے پر کوئی سنجیدہ اعتراض نہیں ہے، جبکہ تمام میڈیا تنظیمیں پی ایم ڈی اے کے مسودے کو مسترد کرنے کے حوالے سے متفق ہیں۔

حکومت مسلسل یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہی ہے کہ میڈیا برادری کے کچھ طبقے صحافت پر قدغن لگانے کے اس متنازعہ اقدامات میں حکومت کے ساتھ ہیں جس کی فوری طور پر روک تھام ہونی چاہئے۔

میڈیا تنظیموں کی مشترکہ کمیٹی تمام انسانی حقوق کے گروہوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے دیگر طبقات سے رجوع کر رہی ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف اور انہیں روکنے کے لیے ان کا ساتھ دیں، تاکہ میڈیا پر مزید پابندیاں نہ لگائی جا سکیں۔