|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2021

کوئٹہ:گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جتنے بھی ناراض دوست ہیں انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کریں گے، پارٹی کا ورکر محسوس کر رہا ہے کہ اسے حکومت میں وہ حصہ نہیں ملا جو ملنا چاہیے تھا جو پارٹی رہنما اور کارکن مخلص اور مشکل وقت میں ساتھ رہے ہیں پارٹی انکے مسائل حل اور تحفظات دور کریگی۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو بوائز اسکائوٹس کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سردار یارمحمدرند کی جانب سے انکے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی، رکن قومی اسمبلی منورہ منیر، پی ٹی آئی کے رہنماء سردار روح اللہ خلجی، ملک فیصل کاکڑ، سردار زین العابدین خلجی، سابق سینیٹر خدائے نور، بابر یوسفزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پارٹی کی بعض باتیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں میڈیاپر نہیں لایا جاسکتا البتہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں پارٹی کے دوستوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن یہ محسوس کررہے ہیں کہ انہیں حکومت میں وہ حصہ نہیں ملا جو ملنا چاہیے تھا پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے جو تحفظات ہیں انہیں دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہیپاٹائٹس کے پھیلائو کی صورتحال سنگین ہے سرور فائونڈیشن نے پہلے بھی صوبے میں چار فلٹریشن پلانٹ لگائے ہیں نصیر آباد میں ایک اور صوبے میں مزید دو پلانٹس لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس سے اموات کی شرح کورونا وائرس کی شرح سے پانچ گنا زیادہ ہے پنجاب کی طرز پر بلوچستان میں بھی تین ماہ کے لئے فری ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کرنے جارہے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا کہ نصیر آباد میں دریائے سندھ کا پانی آتا ہے جو ہندوستان سے ہو کر یہاں پہنچتا ہے اس پانی میں لاشیں بہائے جانے سے آلودگی کی شرح بہت زیادہ ہے جو کہ ہیپاٹائٹس کے پھیلائو کی اہم وجہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میںسرور فائونڈیشن، قومی و بین القوامی ادارے ہیپا ٹائٹس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے جو بھی منصوبہ لائیں ہم اسے خوش آمدید کہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے گائوں میں نوجوانوں کی اکثریت کی اموات بھی اسی موذی مرض سے ہوئی ہیںہم ہر ادارے کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔