|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2021

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائی کورٹ کا لیا گیا از خود نوٹس معطل کر دیا،نوٹس کے تحت جاری کئے گئے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی معطلی کے احکامات بھی معطل ہوگئے۔

جمعرات کو بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف اپیل کی ابتدائی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن اور سجاد علی شاہ نے کی۔

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ گرنیڈ دھماکے میں جاں بحق شخص کے اہلخانہ نے پولیس اور ایف سی کو نامزد نہیں کیا تھا۔امان اللہ کنرانی نے کہاکہ پولیس روئیے کے خلاف ورثاء احتجاج کر رہے تھے۔

وکیل درخواست گزار کے مطابق ایڈووکیٹ کامران مرتضی نے واقعہ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو وٹس ایپ کیا۔ امان اللہ کنرانی نے کہاکہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے وٹس ایپ پرنوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو معطل کیا۔

وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سوموٹو نوٹس میں ایف سی کو مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیا گیا،اے سی اور ڈی سی کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا تھا۔

امان اللہ کنرانی نے کہاکہ پورا حکم نہیں صرف اسسٹنٹ کمشنر کی حد تک معطل کیا جائے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ فیصلہ جزوی طور پر نہیں پورا حکم معطل ہوگا۔

امان اللہ کنرانی نے کہاکہ مجھے بلوچستان واپس بھی جانا ہے کم از فیصلے میں لکھ دیں کہ میری استدعا کمشنر کی حد تک تھی۔ بعد ازاں سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی گئی۔