|

وقتِ اشاعت :   December 19 – 2021

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں پشتو اکیڈمی کوئٹہ کے 50سال مکمل ہونے پر اکیڈمی کے منتظمین کو کامیاب سیمینار منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ کو یہ فخر حاصل ہے کہ پشتو اکیڈمی کوئٹہ کے قیام اور اُس کی تاسیسی اجلاس قومی رہبر سالار شہدا خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے رہنمائی میں منعقد ہواتھا

اور یہ کہ پشتو اکیڈمی کوئٹہ کی موجودہ عمارت کی سنگ بنیاد پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین مرحوم عبدالرحیم مندوخیل نے رکھی جبکہ اکیڈمی کی بلڈنگ کیلئے پلاٹ کی منظوری ، بلڈنگ کی تعمیر اور فنڈز کی فراہمی میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر ملی شہید ملی اتل محمد عثمان کاکڑ ، عبدالقہار خان ودان ، سید عبدالقادر آغا، ( اُس وقت کے ناظمین) اور پارٹی کے پارلیمانی لیڈر عبدالرحیم زیارتوال ، پارٹی کے وزراء ، اراکین اسمبلی اور سنیٹرز کی تاریخی رول اور جدوجہد پارٹی کیلئے باعث افتخار ہے ۔ پارٹی بیان میں جنوبی پشتونخوا کے اُن تمام دانشوروں ، ادیبوں اور قلم کاروں کو داد وتحسین پیش کی ہے جنہوں نے پشتو اکیڈمی کے قیام سے لیکر اب تک اُنہو ںنے پشتو زبان ، تہذیب وثقافت ،قومی تاریخ اور پشتو ادب کو انتہائی نامساعد صورتحال اور مشکلات میں قابل فخر مقام بخشاہے ۔ گزشتہ دو تین دہائیوں کے دوران پشتون اکیڈمی کی انتظامیہ اور جنوبی پشتونخوا کے ادیبوں نے علمی موضوعات پر عالمی پایہ کے سیمیناروں کا انعقاد کیا اور پشتون افغان وطن کے بلند مقام اور مایہ ناز دانشوروں کو مختلف علمی ،ادبی ، موضوعات پر اعلیٰ پایے کے مکالے پیش کرنے کے مواقع فراہم کیئے اس دوران اکیڈمی نے تمام علمی موضوعات پر پشتونخوا وطن اور پشتون افغان ملت کے تمام ادیبوں ،تاریخ دانوں ، تخلیق کاروں کے تصانیف سینکڑوں کی تعداد میں چھاپ لیئے ہیں اور پشتو زبان کے فروغ کیلئے قابل قدر خدمات انجام دیئے ہیں ۔

پشتو اکیڈمی کے چھاپ کردہ تصانیف اور اُس کی ادبی علمی رسالوں نے نوجوان نسل کی قومی سیاسی شعور کو حد درجہ بیدار کیا ہے ۔ اور بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں میں پشتونخوا وطن اور پشتون افغان ملت کی زندگی کے مختلف شعبوں سے متعلق اور جدید عصر کے تقاضوں کے مطابق تحقیق وتخلیق کے کام اور عمل کوفروغ دیا ہے ۔ پشتو اکیڈمی کے منتظمین کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں پشتو زبان کی کلاسز شروع کرکے نوجوان نسل کو اپنے مادری زبان سے سکھانے کا قابل رشک اقدام اٹھایا ہے ۔اور پشتو اکیڈمی کوئٹہ کی جانب سے بین الاقوامی پشتو سیمینار میں پشتون ثقافت کے عالمی دن (23 ستمبر ) کا فیصلہ پشتو اکیڈمی کا تاریخی کارنامہ ہے۔

پشتو اکیڈمی کے ممبران کی رضاکارانہ فعالیت ، انتھک محنت اور کاوشوں سے جوانوں میں مطالعے کا شوق پیدا ہوا ہے اور قلم کاروں کی ادبی تنظیموں کی فعالیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ بیان میں پشتو اکیڈمی کے صدر خیر محمد عارف ، سیکرٹری خلیل باور اور انتظامیہ کے تمام ممبران کو پشتون اکیڈمی کے 50سال پورے ہونے پر کامیاب سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پشتواکیڈمی کے قیام سے لیکر اب تک کے اس طویل سفر میں پشتو اکیڈمی کو اس مقام تک پہنچانے میں تاریخی کردار ادا کرنیوالے تمام ادیبوں ، قلم کاروں ،دانشوروں، شاعروں کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتی ہیںاور پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتواکیڈمی کی علمی سرگرمیوں کی کامیابی اور مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیگی۔