امریکی شہر نیو یارک کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے نو بچوں سمیت کم از کم 19 افراد ہلاک جبکہ 63 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے اسے شہر میں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران بھڑکنے والی سب سے خوفناک آگ قرار دیا جار ہا ہے۔
نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز کےترجمان نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والے بچوں کی عمریں سولہ برس اور اس سے کم ہیں۔ واقعے میں جھلسنے والے تیرہ افراداسپتال میں زیر علاج ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔
نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہم نے اپنے پڑوسی کھو دیے۔ یہ سانحہ بیان سے باہر ہے۔ میرے ساتھ مل کر چلے جانے والوں کے لیے دعا کیجیے، خاص طور پر ان نو بچوں کے لیے جن کی زندگیوں کے چراغ بہت کم عمری میں بجھ گئے۔
شہر کے میئر نے آگ بجھانے والے فائر فائٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ کے پیش آنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اس سانحے سے متاثر ہونے والے ہر ایک کے لیے یہ پیغام ہے کہ آپ کا شہر آنے والے دنوں میں آپ کے ساتھ رہے گا۔