|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ٹریفک حادثے میں پاک فوج کے دو سپاہیوں سمیت تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق حادثہ پنجگور کے نواحی علاقے آر ڈی 140میں پیش آیاجہاں گوادر کاشغر شاہراہ پر کام کرنے والے عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کی گاڑی پنجگور آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئی۔ حادثے میں تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں ایف ڈبلیو او 764سی ٹی ای کے دواہلکار زبیر، میوہ خان اور سویلین ملازم کار پینٹر یاسین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں نائیک عباس، سپاہی وقار، سپاہی عمر یعقوب، سپاہی عبدالعزیز، سویلین ڈرائیور ناصر، سویلین ملازم رمضا ن اور امجد شامل ہیں ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گاڑی کا اگلا ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پیش آیا۔ گاڑی کی رفتار زیادہ تھی اس لئے ڈرائیور سے سنبھل نہ سکی اور گاڑی الٹ گئی۔ گاڑی کی اگلی نشستوں میں ڈرائیور سمیت دو افراد جبکہ پچھلی نشستوں پر آٹھ افراد سوار تھے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق اہلکار گاڑی کے نیچے دب گئے تھے ۔ اطلاع ملنے پر ایف ڈبلیو او اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو سول اسپتال اور جاوید میڈیکل اسپتال پنجگور لایا گیا۔ زخمیوں میں امجد کے علاوہ باقی تمام چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔