اوستہ محمد: بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترق کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہوں گے ترقی یافتہ بلوچستان خوشحال عوام بی این پی عوامی کا وڑن ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے اوستہ محمد میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر بولان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی نے ہمیشہ بلوچستان کا مقدمہ ہر فورم پر بہتر انداز میں لڑا ہے انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے منتخب عوامی نمائندے عوام کی بہتر خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں نام نہاد قوم پرست اور مفاد پرست ٹولے کو عوام کی طاقت سے سیاسی اور پارلیمانی سیاست سے نکال باہر کر دیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ بی این پی عوامی بلوچ قوم کی حقیقی سیاسی جماعت ہے جس نے ہر فورم پر قومی حقوق اور ساحل و وسائل کی دفاع کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بی این پی عوامی عوام کی طاقت و حمایت سے بلوچستان بھر سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرے گی بلوچ قوم کی امیدیں میر اسرار اللہ زہری اور میر اسد اللہ بلوچ سے وابستہ ہیں۔
ڈاکٹر ناشناس لہڑی نے مزید کہا کہ رئیس قربان علی کھوکھر کی قیادت میں کھوکھر برادری کے سیکڑوں افراد نے بی این پی میں شمولیت اختیار کر کے تاریخی فیصلہ کیا ہے کھوکھر برادری کی شمولیت سے بی این پی عوامی اوستہ محمد سمیت جعفرآباد بھر میں مزید فعال اور منظم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو مزید فعال کرنے کے لیے پارٹی کے نظریاتی کارکنان پارٹی پیغام کو عام کرنے میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔