|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2022

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے تحریک انصاف اور جے یو آئی ف کو جلسہ کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔

اس ضمن میں جاری این او سی کے مطابق تحریک انصاف کو کو پریڈ گراونڈ میں جب کہ جے یو آئی کو اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 9 میں جلسے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے 38 شرائط کے تحت این او سی جاری کیا ہے جس کے مطابق کسی کو شہر کا کوئی روڈ بلاک نہیں کرنے دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ جلسے میں کوئی ڈنڈابردار فورس یا جان لیوا ہتھیار لانے کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ جے یو آئی کو کسی قسم کے دھرنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔

این و سی کے مطابق اسلام آباد کی ریڈ زون میں دفعہ 144 نافذ ہے، ریڈ زون کے باہر ایک کلو میٹر کی حدود تک جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

جلسے اور ریلی کی اندرونی سیکیورٹی کی ذمہ داری منتظمین پر ہوگی، کسی بھی املاک کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار بھی منتظمین ہوں گے۔

این و سی کے مطابق داخلی راستوں پر وفاقی پولیس اور منتظمین دونوں جامع تلاشی کریں گے، اسٹیج پر جانے والوں کے نام 12 گھنٹے قبل دیئے جائیں گے۔