|

وقتِ اشاعت :   September 24 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ اور چمن میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مستونگ کے علاقے میں بس اڈے کے قریب دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عبدالمنان ولد عبدالعزیز پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ مقتول کانک کا رہائشی تھا۔ قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔ ادھرضلع قلعہ عبداللہ کے پاک افغان سرحد سے ملحقہ شہر چمن کے علاقے بوغرہ میں پانی تقسیم کے مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت ندا محمد ولد پیر محمد نورزئی کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے جو فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ قتل کے اس واقعہ کی وجہ بھی معلوم نہ ہوسکی۔