|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2022

جمعیت علماء اسلام شیرانی گروپ اور تحریک انصاف کے مابین اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان کے پرانے ساتھی مولانا محمد خان شیرانی نے اپنے گروپ کے ہمراہ خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی، مرکزی نائب صدر سینیٹر اعجاز چودھری اور سابق وزیر مذہبی امور نورالحق قادری بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں نے اتحاد و شراکت کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت سے سیاسی و انتخابی حکمت عملی مرتب کرنے پر بھی مکمل اتفاق ہوا ہے۔

اس موقع پر مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کیخلاف جدوجہد مشترکات میں سے ہے ، سماج و سیاست سے جبر و نفاق کا خاتمہ اہم ضرورت ہے۔ دونوں جماعتوں کے مابین رفاقت کو باہمی روابط و مشاورت سے نتیجہ خیز ایجنڈے کی صورت میں ڈھالیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ کے سربراہ اور عمائدین کا خیر مقدم کرتا ہوں، اہلِ علم آگے بڑھیں اور قوم کی درست سمت میں رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف روایتی سیاست سے بالاتر، اعلیٰ سیاسی و سماجی مقاصد کے حصول کیلئے کوشاں ہے، دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والے معاملات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔