گزشتہ روز بلوچستان میں لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ہیلی کاپٹر میں موجود تمام فوجی افسران اور عملہ شہید ہوگیا ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں لاپتہ ہونے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ وندر کے علاقے موسیٰ گوٹھ کےقریب سےملا۔حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ ملبے کی جگہ پر پولیس کے علاوہ ایف سی اور پاک فوج کے اہلکار بھی موجود ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹر نے شام 5 بج کر 10 منٹ پر اتھل سے کراچی کے لیے اڑان بھری تھی، اسے 6 بج کر 5 منٹ پر فیصل بیس کراچی پر اُترنا تھا لیکن راستے میں ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ گیا۔
ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، 12 کور کے انجینئر بریگیڈیئر خالد، پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اور چیف نائیک مدثر سوار تھے۔
کور کمانڈر کوئٹہ اور دیگر اعلیٰ حکام بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی آپریشن کی نگرانی کررہے تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کور کمانڈر سمیت6 افسران اور جوان کی سلامتی سے متعلق فکرمندی کا اظہارکیا تھا۔ آرمی چیف نےگزشتہ شب سےجاری تلاش کی کارروائیوں سےوزیراعظم کوآگاہ کیا تھا۔