|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2022

حکومتی اتحادی جماعتوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (PDM) اور اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا، وزیر اعظم شہباز شریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں پیپلزپارٹی کی جانب سے خورشید شاہ، فیصل کریم کنڈی، پلوشہ بہرام اور فاروق ایچ نائیک، جب کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، مریم اورنگزیب، اعظم تارڑ، رانا تنویر، دیگر جماعتوں کے آفتاب شیرپاؤ، محمود خان اچکزئی، کشور زہرہ بھی شریک ہوئیں، اجلاس میں لندن سے ویڈیو لنک پر نواز شریف اور اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔

پی ڈی ایم اور حکومتی اتحادی جماعتوں نے اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نااہل قرار دینے کیلئے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اجلاس میں عمران خان اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں شامل کرانے پر بھی اتفاق ہوا، وفاقی کابینہ کل اجلاس میں نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

گزشتہ روز ہونے والے پی ڈی ایم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، جس میں دو کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی کمیٹی کے سربراہ خورشید شاہ، جب کہ قانونی کمیٹی کے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کا تحریک انصاف کے خلاف سخت فیصلے کرنے پر اتفاق ہوا، اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے پر پی ڈی ایم جماعتیں نیا سیاسی بیانیہ بنائیں گی، اور وزیراعظم شہبازشریف نے وزراء کو الیکشن کمیشن (ECP) کے فیصلے پر پی ٹی آئی کو ٹف ٹائم دینے کی ہدایت کردی ہے۔