کوئٹہ:وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی (پاور ڈویژن) میر ہاشم نوتیزئی سے ریکوڈک کے کمیونٹی ریلیشنز منیجر علی دوست بلوچ نے اُن کے دفترمیں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے توانائی نے کہاکہ ریکوڈک منصوبہ کے معاہدہ سے متعلق صوبہ کے تمام لوگوں کوتحفظات درپیش ہیں جس کا ازالہ بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریکوڈک منصوبہ کے معاہدہ سے متعلق تمام تفصیلات بھی صوبہ کے عوام کے سامنے لائی جائے تاکہ اس منصوبہ سے عوام کو آگاہی فراہم کرکے مقامی لوگوں کو معاشی لحاظ سے بھی مستفید کیاجاسکے۔ میر ہاشم نوتیزئی نے کہاکہ بحیثیت عوامی نمائندہ ہماری کوشش ہے کہ صوبہ میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔
ان سے عوام کو باخبر رکھاجائے۔ انھوں نے کہاکہ اس سلسلے میں ریکوڈک انتظامیہ کو ملاقات کے سلسلے میں جلد مطلع کروں گا۔ ملاقات کے موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے بھی موجود تھے۔