عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریاست کی طاقت اورعوام کی طاقت آمنےسامنے ہیں، عدالتی اور قانونی جنگ میں عدلیہ پربڑی ذمہ داری آگئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیرداخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شکورشاد کے استعفے کی معطلی سے سارے استعفےمعطل ہوگئے ہیں، عدالتی اور قانونی جنگ میں عدلیہ پربڑی ذمہ داری آگئی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم (PDM) اپنے بیٹوں میں بانٹ رہی ہے اور غریبوں کو ڈانٹ رہی ہے، ابھی تک صوبوں میں گورنرنہیں لگاسکے، یہ غربت مٹاؤ نہیں غریب مکاؤ پالیسی لائے ہیں، یہ انقلابی نہیں بلکہ سیلابی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں فصلوں کی تباہی اور مہنگائی کا طوفان قوم کا امتحان ہے، قوم کی برداشت جواب دے گئی ہے، ریاست کی طاقت اورعوام کی طاقت آمنے سامنے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ خارجہ پالیسی میں دوحہ میٹنگ کےبعد بڑا یوٹرن آگیا ہے، کہیں سے بھی امداد نہیں آرہی، بلکہ صرف حکم نامے آ رہے ہیں، سامراجی پالیسیاں آرہی ہیں، ملک میں ڈالرکی شدید قلت ہے اورڈالر نہیں آرہے، ملک میں ڈالر کے ذخائر اب بھی منفی ہیں۔