|

وقتِ اشاعت :   December 4 – 2015

کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے دالبندین میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تین چرواہوں کو قتل کردیا۔ڈپٹی کمشنر چاغی خدائے نظر بڑیچ کے مطابق واقعہ دالبندین سے تیس کلومیٹر دور نوشکی اور چاغی کے درمیان چھتر کے علاقے میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے پہاڑی اور ویران علاقے میں اندھا دھند فائرنگ کرکے تین نوجوان چرواہوں کو بے دردی سے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔ڈپٹی کمشنر چاغی کے مطابق قتل کے بعد ملزمان نے پتھر مار کر مقتولین کے چہرے مسخ کردیئے ۔مقتولین کی شناخت عین الدین ، امیرحمزہ اور رحمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے اور ان کی عمریں تیرہ ، چودہ اور اٹھارہ سال کے درمیان ہے ۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ قبائلی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے ۔تینوں افراد کی لاشوں کو تحویل میں لیکر مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔