|

وقتِ اشاعت :   January 6 – 2016

کوئٹہ: وئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے ایک اور واقعہ میں ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ منگل کی شام تھانہ انڈسٹریل کی حدود میں سرکی روڈ پر پرانا سبزی منڈی کے قریب پیش آیا جہاں ڈرائی فروٹ کی دکان چلانے والے دو بھائیوں نوید احمد ولد غلام حیدر یوسفزئی اور جاوید احمد پر نامعلوم افراد نے فائر کھول دیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں پچیس سالہ نوید احمد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ جاوید احمد شدید زخمی ہوا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور پیدل ہی فرار ہوگئے۔ لاش اور زخمی کو سول اسپتال لایا گیا جہاں سے زخمی کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ ایچ منتقل کیا گیا۔ زخمی جاوید احمد کو سر پر گولی لگی ہے اور اس کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ مقتول نوید احمد کو بھی سر اور سینے پر تین گولیاں ماری گئی تھیں۔ دونوں بھائی کوئٹہ کے علاقے شالدرہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ یاد رہے کہ پیر کی شام کو بھی سریاب روڈ پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔