|

وقتِ اشاعت :   January 26 – 2023

ہم نے مالک کی جانب سے کتے کو گولی مارنے یا کتے کی جانب سے لوگوں کو کاٹنے کے واقعات تو کئی سنے ہوں گے لیکن کیا کبھی آپ نے یہ سنا کہ کتے نے مالک کو گولی مار کر قتل کردیا؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست کنساس میں حال ہی میں اس طرح کا واقعہ پیش آیا جب گزشتہ ہفتے کتے سے حادثاتی طور پر چلنے والی گولی لگنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق ٹرک کی پچھلی نشست پر بیٹھا کتا حادثاتی طور پر گن پر چڑھ گیا جس سے گولی نکل کر سیدھی اگلی نشست پر بیٹھے شخص کو جا لگی اور وہ ہلاک ہو گیا۔

 

امریکی ریاست کنساس کی پولیس کے مطابق جس وقت حادثہ پیش آیا اس وقت یہ لوگ شکار پر جا رہے تھے۔

سمنر کاؤنٹی شیرف کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ٹرک کے مالک کا کتا گن پر چڑھ گیا جس سے ہتھیار سے گولی نکل گئی اور مسافر موقع پر ہی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔

شیرف کے دفتر نے اپنے علیحدہ بیان میں کہا کہ تفتیش جاری ہے لیکن ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ شکار کے موقع پر پیش آنے والا واقعہ ہے۔

پولیس نے البتہ یہ ابھی تک واضح نہیں کیا کہ مرنے والا شخص کتے کا مالک ہے یا نہیں۔

امریکا میں اکثر اس طرح حادثاتی طور پر فائرنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اور امریکی ادارے کے اعدادوشمار کے مطابق صرف 2021 میں اسلحے کے اس طرح کے واقعات میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔