|

وقتِ اشاعت :   January 19 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے غزہ بند سکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں مارگٹ بم دھماکے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ صوبائی وزراء نواب جنگیز مری، میر سرفراز بگٹی، شیخ جعفرخان مندوخیل ، محمد خان لہڑی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما جمال شاہ کاکڑ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ایف سی حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو دہشت گردی کے رونما ہونے والے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے جوان جس طرح وطن عزیز کی حفاظت اور عوام کی جان ومال کی تحفظ کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں وہ ہم سب کے لئے قابل فخر ہے ان کی جانب سے پیش کی جانے والی بیش بہا جانی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھاجائے گا۔ ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر، آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے شہید اہلکار کی میت کو کندھا دیا۔قومی پرچموں میں لپٹی شہداء کی میتوں کو سلامی دے کر ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردیا گیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نے مارگٹ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج وغم کا اظہار کیاہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے دہشت گردی کی کاروائیوں کے ذریعہ صوبے میں بدامنی اور خوف وہراس کی فضا قائم کرنے چاہتے ہیں تاہم حکومت عوام کے تعاون او رحمایت سے ایسے عناصر کے ان مقاصد کو ناکام بنادے گی اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن وامان کے قیام اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ایف سی، پولیس، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمددردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیراعلیٰ نے بم دھماکے میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کا قیام اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ان کی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیا ت کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میرابراہیم شاہ ،ملک عبدالصمد اور حاجی دوست محمد کی قیادت میں ضلع خضدار کاوفد، مسلم لیگ کے سینئر نائب صدرضلع خضدار حاجی جاوید سوز کی قیادت میں میر عبدالرحمن زہری، چیئرمین آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی میر عبدالرشید زہری، جنرل سیکریٹری مسلم لیگ تحصیل زہری میر ثناء اللہ زہری چیئرمین باغبانہ وضلعی ایڈیشنل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) عبدالمالک زہری،صدر یوتھ ونگ مسلم لیگ (ن) تحصیل زہری اور شفیع جان مینگل پر مشتمل وفد اور ڈاکٹر عبدالباسط زہری، حاجی میرامان اللہ اور میر بارات زہری پر مشتمل ضلع چاغی کا وفد شامل تھے۔ وفود کی جانب سے نواب ثناء اللہ خان زہری کو وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی جبکہ انہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے اپنے علاقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا جن میں ذرائع مواصلات، بجلی، پانی اور صحت کی سہولتوں کی عدم دستیابی شامل ہے۔ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ عوامی مسائل سے نہ صرف بخوبی آگاہ ہیں بلکہ ان مسائل کے حل کے لئے پرعزم بھی ہیں جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وفود نے توجہ سے ان کے مسائل سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عوامی مسائل سے متعلق پیش کی جانے والی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔