|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2023

عسکری اداروں کے افسران کیخلاف تقاریر پر سابق وزیراعظم عمران خان پر درج مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سماعت کےلیے مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ مقدمہ خارج کرنے کی درخواست سنی، عدالت نے عمران خان کی مقدمہ اخراج کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دورکردیے۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کو درخواست پر ڈائری نمبر لگا کر کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کیخلاف سیاسی مخالفین کی ایما پر جعلی مقدمات بنائے جارہے ہیں، سیاسی مخالفین کا مقدمات بنوانے کا مقصد عمران خان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے، کرپشن کا کیس نہ ملا تو ساکھ کو نقصان پہنچانے اور بلیک میل کرنے کے لیے ایسے مقدمات بنائے جا رہے، ایف آئی آر کے الزامات کو سچ بھی مان لیا جائے تو لاہور میں تقریر پر اسلام آباد میں کیسے مقدمہ درج کیا گیا۔

خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہورمیں تقاریر پر اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 6 اپریل کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر کیمطابق عمران خان نے تقریرمیں عسکری افسران کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے، ایف آئی آر کیمطابق عمران خان نے فوجی افسران اور ان کے اہلخانہ کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا۔