|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے “صحت مند غذا تندرستی سدا “ مہم کے حوالے سے کہا ہے کہ عوام کی اچھی صحت کا صاف اور صحت مند خوراک سے گہرا تعلق ہے۔

اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ عوام کا حق ہے اورانہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ان کو فراہم کردہ خوراک میں کیا اجزا شامل کیے گئے ہیں تاکہ وہ بہتر اور شفاف معلومات کی بنا پر اپنی خوراک کا انتخاب کر سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ “صحت مند غذا ۔تندرستی سدا “ مہم کا پورے پاکستان میں اجرا کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت ہر ریستوران کھانوں کی مکمل کیلوریز سے صارف کو آگاہ کرے گا۔ اس کے علاوہ کھانے پینے کی پیک شدہ اشیا پر ڈبلیو ایچ او کی سفارش کردہ تجاویز پر مبنی غذائیت کی مکمل معلومات بھی شائع کی جائیں گی۔

 

انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں ٹرانس فیٹ ایسڈ کو بھی صرف 2 فیصد تک محدود کیا جا رہا ہے تاکہ دل اور دیگر بیماریوں کا سد باب کیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس انتہائی اہم مہم کو میرا سٹریٹجک ریفارمز یونٹ تمام صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز کے ساتھ مل کر پاکستان بھر میں پھیلا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ہسپتال ویران اور کھیلوں کے میدان آباد رہنے چاہئیں اور یہ مہم ایک صحت مند مستقبل کی نوید ثابت ہوگی۔