|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2023

اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو آزاد جموں و کشمیر، کوئٹہ اور سندھ میں بجلی چوری روکنے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے

کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے عمل کو تیز کیا جائے ،متعلقہ حکام بلوچستان میں بجلی چوری روکنے کی مہم کے خلاف مزاحمت اور دیگر مسائل کے حوالے سے جامع رپورٹ پیش کریں ،ہماری ذمہ داری ہے

کہ بجلی چوری روکنے کی مہم جیسے اقدامات کے ذریعے آئندہ جمہوری حکومت کیلئے ایک مستحکم نظام تشکیل دیں۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بجلی چوری روکنے کی مہم کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو مہم کے آغاز سے لے کر اب تک کے نتائج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو مہم کے نتائج کے اعشاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم میں 19415 بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا ہے،

ستمبر سے اب تک بجل چوری کے خلاف 39836 ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں، اور بجلی چوری میں ملوث 189 سرکاری افسران کو معطل کیا جا چکا ہے۔ مردان میں انسداد بجلی چوری مہم سب سے زیادہ کامیاب رہی جس میں بجلی چوری کی شرح 43 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد تک آگئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مہم کے آغاز سے 30 ستمبر تک 14 ارب روپے کی وصولیاں کی جا چکی ہیں۔ متعلقہ حکام نے مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حوالے سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو آزاد جموں و کشمیر،

کوئٹہ اور سندھ میں بجلی چوری روکنے کی کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو بلوچستان میں بجلی چوری روکنے کی مہم کے خلاف مزاحمت اور دیگر مسائل کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ بجلی چوری روکنے کی مہم جیسے اقدامات کے ذریعے آئیندہ جمہوری حکومت کے لیے ایک مستحکم نظام تشکیل دیں۔اجلاس میں نگران وزیر داخلہ، نگران وزیر توانائی، نگران وزیر اطلاعات و نشریات، صوبائی چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وفاقی سیکرٹریز موجود تھے