|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2023

کوئٹہ: نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت منگل کو یہاں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویڑن محمد حمزہ شفقات ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسعد اور پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد رفیق نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ

سبزل، سمنگلی، سریاب، لنک بادینی، ریڈیو ٹاور سڑک اور سرکی روڑ توسیع منصوبوں پر کام جاری ہے سریاب روڈ پر 95 فیصد، سبزل روڑ پر 90 فیصد، لنک بادینی روڑ پر 90 فیصد ریڈیو ٹاور روڑ پر 85 فیصد اسکمب روڑ پر 70 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایت اور منصوبوں کے مسلسل دورے کے نتیجے میں تمام منصوبوں پر کام تیز کردیا گیا ہے

اور رواں سال دسمبر تک ان منصوبوں کو پایا تکمیل تک پہنچا کر افتتاح کردیا جائے گا کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے اجلاس کو بتایا کہ سڑکوں کی توسیع کے دوران متاثر ہونے والی مساجد کے معاملات پر اسلامی نظریاتی کونسل کو لکھا گیا ہے کونسل کی رائے آنے پر علماء کے ساتھ ملکر متاثرہ مساجد سے متعلق امور طے کر لئے جائیں گے،

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج مفاد عامہ کا ایک اہم منصوبہ ہے پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں رواں سال کے آخر تک ہر صورت مکمل کئے جائیں پیکج کے لئے منظور شدہ مختص وسائل کی فراہمی کو صوبائی حکومت نے یقینی بنایا ہے

اب بھی اگر اس میں غیر ضروری تاخیر برتی جاتی ہے تو یہ قابل برداشت نہیں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج میں شامل بعض سائٹس پر سست روی قابل تشویش ہے

تاخیر کے زمہ دار ٹھیکہ داروں کو نوٹس جاری کرکے ان کے خلاف کارروائی کی جائے نگران وزیر اعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے ہدایت کی کہ ڈبل روڑ سمیت شہر کے گنجان آباد علاقوں میں قائم نجی اسپتالوں اور پلازہ مالکان کو پارکنگ کی تعمیر و تشکیل کا پابند کیا جائے،

اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے ٹریفک انجینئرنگ کے نظام کو کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت مربوط کرکے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کثیر الجہتی مقاصد کا حامل بنایا جائے

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈویلپمنٹ عبدالصبور کاکڑ، پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر راشد رزاق، اسپیشل سیکرٹری اسفند یار بلوچ، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسعد، پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج رفیق بلوچ و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔