|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2024

پشاورہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی توہین عدالت کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن کےخلاف پی ٹی آئی کی توہین عدالت درخواست کی سماعت  پشاور ہائیکورٹ میں ہوئی،  درخواست پر سماعت جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل پشاور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت قاضی انور ایڈووکیٹ اور شاہ فیصل الیاس ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

 پی ٹی آئی کے وکلا کا کہنا تھا پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر شائع کرنے کا حکم دیا تھا تاہم نا تو پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ جاری ہوا اور نا ہی الیکشن کمیشن نے یہ سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری کیا۔

پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر اور بلےکا نشان نہ دینے پر الیکشن کمیشن کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر  کی تھی۔

پی ٹی آئی کا مؤقف ہےکہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم کے باوجود پی ٹی آئی کا سرٹیفکیٹ ویب سائٹ پر جاری نہیں کیا، یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، چیف الیکشن کمشنر، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔