|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2024

مری اور گلیات میں شدید برفباری کے بعد مختلف راستوں پر بدترین ٹریفک جام سے سیاح، فیملیز اوربچے گاڑیوں میں محصور ہوکر رہ گئے۔

مری اور گلیات میں ڈیڑھ فٹ تک برفباری کے بعد مری ایکسپریس وےاور لوئر ٹوپہ سے سہر بگلہ تک سری نگر ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

شدید برفباری کے دوران ٹریفک  جام میں کئی گھنٹوں سے پھنسے سیاحوں نے مری ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے پر ہنگامی اقدامات کی اپیل کردی۔

 

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری میں بارش اور برفباری آج بھی جاری رہے گی، سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ 17 میل سے مری میں مزید سیاحوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور،  فیصل آباد، گجرات، جہلم اور منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے مختلف رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔