وزیراعظم شہباز شریف سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ہولڈنگ کمپنی تشکیل کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ اراکین کو آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ہولڈنگ کمپنی تشکیل دینے کی منظوری دے دی جو کہ پی آئی اے کی نجکاری کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔
اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
کابینہ اجلاس میں ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا۔
کابینہ اراکین کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا گیا۔