|

وقتِ اشاعت :   April 6 – 2024

تربت: کوہ مراد پر آج رات خصوصی دعا، ازکار اور چوگان کا اہتمام کیا جائے گا۔ دعائیہ تقاریب اور چوگان کی کلچرل رسومات کا سلسلہ صبح تک جاری رہے گا اس کے بعد زائرین کے “فرقوں” کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوگا۔ ایک اندازہ کے مطابق اس سال زائرین کی تعداد گزشتہ سال کی نسبت کافی زیادہ ہے، ایک رپورٹ کے مطابق 26 رمضان المبارک کی رات کوہ مراد پر باہر سے آئے زائرین کی تعداد 1 لاکھ 20 ہزار ریکارڈ کی گئی

جب کہ آج رات کے خصوصی عبادات و چوگان میں یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوگی تاہم زائرین کی آمد اور رجسٹریشن کا باقاعدہ سرکاری ریکارڈ مرتب نہیں کیا جاتا اس لیے زائرین کی اصل تعداد پر محض قیاس کیا جاسکتا ہے البتہ اس سال زائرین خصوصاً پیدل آنے والوں کی تعداد بہت زیادہ رہی ہے۔ ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں واقع کوہ مراد زکری فرقہ کی اہم ترین زیارت گاہ ہے جہاں ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مذہبی جوش و جزبہ کے ساتھ کلچرل روایات کے ساتھ چوگان و صفت سمیت دیگر زکر و ازکار اور عبادات کی جاتی ہیں جن کا خصوصی اہتمام 27 رمضان المبارک کی رات شب برات کی نیت کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

27 رمضان المبارک کی رات زکری فرقہ سے وابستہ ہزاروں مرد و خواتین اور بچے الگ الگ خصوصی دعا، عبادت، زگر و ازکار اور کلچرل چوگان کا حصّہ بنتے ہیں اس رات شروع ہونے والی عبادات و ازکار اور صفت و چوگان کا سلسلہ صبح کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ مسلسل جاری رہتا ہے۔ صبح سورج نکلتے وقت خصوصی اجتماعی دعاؤں میں وطن کی سلامتی، خوش حالی، امن و امان، لاپتہ افراد کی بازیابی اور نیکی و سلامتی کا زکر کیا جاتا ہے اس کے بعد زائرین کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ زائرین کا آخری قافلہ عید کی رات سے قبل رخت سفر باندھ لیتا ہے۔ زکری فرقہ میں آنے اور جانے والے اجتماعی قافلوں کو “فرقہ” کہا جاتا ہے۔

اس سال کوہ مراد پر زیارت کے لیے ٹوٹل 2 لاکھ 15 ہزار 1 سو 71 افراد (زائرین) جمع ہوئے ہیں جو حالیہ دس سالوں کے دوران سب سے بڑی مجموعی تعداد ہے۔
صرف 6 اپریل 27 رمضان المبارک کو ہی 74 ہزار 51 زائرین کوہ مراد پہنچے ہیں جو ایک دن کی آمد کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔

آج یعنی 6 اپریل 27 رمضان المبارک کی رات تک 28 ہزار 1 سو 21 مرد 27 ہزار 5 سو 5 عورتیں اور 18 ہزار 4 سو 25 بچے زیارت کے لیے کوہ مراد آئے ہیں۔