وزیراعظم شہبازشریف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، وزیراعظم نے بحرین کے شاہ کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔
ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف اور بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اقدار اور ثقافتی وابستگیوں پر استوار پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ برسوں میں مختلف شعبوں میں پاکستان کے لیے بحرین کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے لیے احترام اور نیک خواہشات پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کی غرض سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
2014 میں شاہ حماد کے پاکستان کے تاریخی دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ بحرین کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔
عید الاضحی کے موقع پر دونوں رہنمائوں کے درمیان یہ ٹیلی فون کال پاکستان اور بحرین کے درمیان گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔