|

وقتِ اشاعت :   August 4 – 2024

خیبرپختونخوا میں گورننس سے متعلق شکایات پر بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیرِ اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ بدعنوانی اور گورننس سے متعلق کمیٹی کے ارکان کو بانی پی ٹی آئی نے خود نامزد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں شاہ فرمان، معاون خصوصی مصدق عباسی اور قاضی انور شامل ہیں، کمیٹی وزراء اور انتظامی سیکریٹریز سے متعلق الزامات کی تحقیقات کرے گی۔

بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کمیٹی اپنی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو پیش کرے گی، الزام ثابت ہونے پر متعلقہ وزیر یا انتظامی افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔

 واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صوبائی وزیر شکیل خان نے بانی پی ٹی آئی سے مختلف محکموں میں بدعنوانی کی شکایت کی تھی۔