|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2024

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ سے سندھ میں بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ طلب کر لی۔

اس حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ سکھر، لاڑکانہ، خیرپور میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی رپورٹ دی جائے، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ایک بار پھر موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سکھر اور لاڑکانہ کے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے، خیرپور ضلع میں ڈیم کے بند میں شگاف کے معاملے پر فوری تحقیقات کرائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیم کے شگاف سے متاثر ہونے والوں کو فوری امداد پہنچائی جائے، محکمۂ ریلیف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن اور پی ڈی ایم اے متاثرین کی امداد کے لیے ذمے داری نبھائیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی بارش متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔