|

وقتِ اشاعت :   August 24 – 2024

وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو بند نہیں کیا جا رہا بلکہ کمپنی کی تشکیل نوکی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مہنگائی کے ستائے عوام کےلیے ایک اور بری خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز بند اور سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد گیارہ ہزار سے زائد ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جس کے بعد ملازمین نے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔

لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت سبسڈی مستحقین کو نہیں مل رہی، ایسا نظام بنارہے جس میں صرف مستحقین کو ہی سبسڈی ملے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ٹریکٹرز ساز صنعت کی بحالی کیلئے اقدامات لے رہے ہیں، وفاقی حکومت معیشت کی بحالی کے لئے کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کی جانب سے ٹریکٹرز ساز صنعت کی بحالی کا بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ (ایم ٹی ایل) نے حکومت کی جانب سے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگی کا طریقہ کار وضع نہ کرنے پر ٹریکٹر کی پیداوار روک دی۔

ایم ٹی ایل نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا کہ ٹریکٹرز پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) 10 فیصد ہے اور تمام خام مال پر 18 فیصد جی ایس ٹی ہے۔