|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2016

اسلام آباد:  نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر میر حاصل خان بزنجونے کہا ہے کہ وزیراعظم کے سب کے احتساب کے وژن کی مکمل حمایت کرتے ہیں،سیکرٹری خزانہ بلوچستان کے بدعنوانی میں ملوث ہونے پرمشیر خزانہ کو فوری طور پر مستعفی ہونے کا کہہ دیا تھا۔ہفتہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد جب اتحادی جماعتوں کے سربراہ وزیراعظم ہاؤس سے نکلے تو اس موقع پر جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ(ضیاء)کے سربراہ اعجاز الحق اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے نیشنل پارٹی کے سینیٹر میر حاصل خان بزنجو سے بلوچستان کے سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی کرپشن کیس میں گرفتاری سے متعلق حقائق بارے سوال کیا، جس کے جواب میں میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ جب ہمیں پتہ چلا تو واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کیلئے مشیر خزانہ میر خالد لانگو کو فوری طور پر مستعفی ہونے کا کہا، احتساب اور سب کے احتساب کے عمل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، کرپشن میں جو کوئی بھی ملوث ہواس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔