|

وقتِ اشاعت :   June 17 – 2025

کوئٹہ:  ریکودک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) ریکودک پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تعمیر کے لیے 3 ارب امریکی ڈالر تک کی پروجیکٹ فنانسنگ حاصل کرنے کی کوششوں میں مسلسل پیشرفت کر رہی ہے

اس فنانسنگ میں مختلف عالمی ادارے شامل ہیں جن میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC)، انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA)،

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB)، امریکی ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن (DFC)، یو ایس ایکسپورٹ،امپورٹ بینک (US EXIM)، کینیڈا کا ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ بینک (EDC)، جرمنی کے ایولر ہرمیز اور کے ایف ڈبلیو بینک، سویڈن کا ایکسپورٹ کریڈٹ ایجنسی (EKN) اور فن لینڈ کا فنویرا (Finnvera) شامل ہیں،

ساتھ ہی ایک کمرشل بینک کا حصہ بھی ہوگا۔ آر ڈی ایم سی اس بات پر کاربند ہے کہ 2025 کی دوسری ششماہی میں فنانس دستاویزات پر دستخط اور ابتدائی رقم کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے۔

اسی سلسلے میں آر ڈی ایم سی 12 جون 2025 کو آئی ایف سی اور آئی ڈی اے کی جانب سے 700 ملین امریکی ڈالر کے براہِ راست قرض کی منظوری کا خیرمقدم کرتی ہے جو دونوں اداروں کے مشترکہ بورڈ اجلاس میں دی گئی۔ پراجیکٹ سے پہلی پیداوار کا ہدف بدستور 2028 کے آخر میں رکھا گیا ہے۔