کوئٹہ : سینئر سیاست دا ن وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی صدر احمد جان کی قیادت میں وفد کی ملاقات، نیشنل پارٹی کے بعد این ڈی ایم نے بھی مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کیخلاف نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی سیاسی و آئینی جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے اس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
گزشتہ روز سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی سے نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے نمائندہ وفد نے صوبائی صدر احمد جان خان کی سربراہی میں سراوان ہاوس میں ملاقات کی، وفد میں پارٹی کے صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن عنایت شاہ، نیشنل سٹوڈنٹس موومنٹ کے صوبائی صدر وکیل خان اور فاروق سنزر شامل تھے، وفد نے بلوچستان مائینز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کو پشتون، بلوچ اقوام کے قومی وسائل اور قیمتی معدنیات پر قبضہ گیری کا غیر آئینی قانون قرار دیتے ہوئے اس کیخلاف بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی کو دادوتحسین پیش کیا اور سیاسی و آئینی جدوجہدکی حمایت کرتے ہوئے ساتھ دینے کا اعلان کیا
ملاقات میں صوبے کے اجتماعی قومی مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے کو درپیش بحرانوں میں حقیقی سیاسی قیادت، پارٹیوں اور باشعور حلقوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ روایتی سیاست، مصلحتوں و سمجھوتوں اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر حقیقی جمہوری مزاحمت اور جدوجہد کی سیاست کریں،
اس موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاکہ بلوچستان میں بدترین سیاسی، معاشی، معاشرتی لوٹ مار ہورہی ہے بلوچستان میں غیر بلوچستانیوں کو مسلط کیا گیا ہے یہ لوگ صوبے کے نمائندے نہیں نہ ہی ان کو حق نمائندگی حاصل ہے، انہوں نے کہاکہ حقیقی سیاسی کارکنوں، قیادت کو یکجا ہوکر صوبے میں جاری بدترین لوٹ مار کا راستہ روکناہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، صوبائی صدر اسلم بلوچ، صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ نے بھی نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے ملاقات میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کیخلاف نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی سیاسی و آئینی جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے اور مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا تھا۔