|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2025

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلعی ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گزشتہ ماہ (جون) کی تعلیمی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، خزانہ آفیسر اور آر ٹی ایس ایم کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریشنلائزیشن پلان پر تفصیلی غور کیا گیا۔ آر ٹی ایس ایم کی جانب سے اساتذہ، تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی حاضری کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق غیر حاضری پر سخت اقدامات کے تحت جون کے مہینے میں مجموعی طور پر 15 لاکھ 8 ہزار روپے کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی۔

اجلاس میں نئی آسامیوں کے قیام، انٹرویوز کے انعقاد، کنٹریکٹ پر تعینات ملازمین کی تنخواہوں اور ایچ آر الاؤنس سے متعلق امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ان اسکولوں کا بھی جائزہ لیا گیا جن کی زمینوں پر قبضہ ہے یا جنہیں غیر متعلقہ افراد استعمال کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس معاملے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے سب ڈویژنز میں واقع سرکاری اسکولوں سے ناجائز قبضہ فوری ختم کرائیں اور اس حوالے سے رپورٹ جلد از جلد دفترِ ڈپٹی کمشنر میں جمع کروائیں۔