|

وقتِ اشاعت :   August 7 – 2025

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں پیپلز ٹرین سروس کو جلد فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے عوام کو باعزت، سستی اور تیز رفتار سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “پیپلز ٹرین سروس کے آغاز سے نہ صرف عوام کو معیاری سفر کی سہولت ملے گی بلکہ سفری نظام میں جدت اور بہتری کا نیا دور شروع ہوگا۔” انہوں نے کہا کہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کا منصوبہ جدید سفری سہولیات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انجن اور بوگیاں بیرون ملک سے درآمد کرنے کے بجائے پاکستان ریلویز سے خریدی جائیں گی، تاکہ منصوبہ جلد از جلد عملی شکل اختیار کرے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے چھ ماہ کے اندر انجن، بوگیوں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز نے اتفاق کیا ہے کہ دستیاب ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ ٹرین سروس کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ وہ خود اس منصوبے کے ہر مرحلے کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور کسی قسم کی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔