|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2025

کوئٹہ کے شاہوانی اسٹیڈیم میں سیاسی جلسے کے دوران ہونے والے دھماکے پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جلسے پر حملہ سیکورٹی اداروں کی نااہلی اور غفلت کی انتہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے واقعے میں جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی، جبکہ شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت عوام کو امن فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں، اور امن و امان کی مخدوش صورتحال پر کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔

جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ جمہوری قوتوں کا راستہ نہ صرف پارلیمنٹ کے اندر بلکہ باہر بھی روکا جا رہا ہے، جو جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے واقعے میں محمود خان اچکزئی، سردار اختر مینگل اور دیگر رہنماؤں کے محفوظ رہنے پر اللہ کا شکر ادا کیا، اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث عناصر کو سخت ترین سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔