کوئٹہ : کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ہونے والے خودکش دھماکے پر معروف سیاسی و سماجی رہنما جمال رئیسانی نے شدید افسوس اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے منافی اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔
جمال رئیسانی نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے نہ صرف معصوم جانیں لیتے ہیں بلکہ ملک میں امن اور ترقی کے عمل کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کے پیچھے موجود عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری دلی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے، آمین۔
سریاب روڈ دھماکہ نے ایک بار پھر کوئٹہ کی سیکیورٹی صورتحال پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، اور عوام میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔