کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا سورج طلوع ہورہا ہے اور عوام کا تعاون اس سلسلے میں قابلِ تحسین ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر منعقد ہونے والے اجتماعات کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان پرامن پروگرامز نے دنیا کو مثبت پیغام دیا ہے کہ بلوچستان امن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے بھر میں تقریبات خیر و عافیت اور پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئیں۔
میر سرفراز بگٹی نے علمائے کرام کے تعاون اور عوام کی ذمہ داری کے مظاہرے کو سراہا۔ انہوں نے محکمہ داخلہ، پولیس، لیویز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی وقتی بندش اور ریلیوں کو محدود کرنا بروقت اور دانشمندانہ فیصلہ تھا کیونکہ انسانی جانوں سے بڑھ کر کچھ نہیں، عوامی جان و مال کا تحفظ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سخت اور مؤثر اقدامات کی بدولت صوبے بھر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دو سال قبل ایک جلسے میں دھماکے سے ساٹھ سے زائد افراد شہید ہوئے تھے، اسی تلخ تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے اس مرتبہ سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور شہریوں کی بھرپور شرکت نے اتحاد اور یکجہتی کو اجاگر کیا ہے اور بلوچستان کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ امن اور ترقی کے خواہاں ہیں۔