کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹی دودھ کے خلاف خصوصی ملک ٹیسٹنگ مہم کا آغاز کر دیا ہے جو 10 سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے پہلے روز سریاب، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد، فقیر محمد روڈ، جان محمد روڈ اور کواری روڈ پر ڈیری فارمز اور ملک شاپس کا معائنہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق معائنے کے دوران 44 مراکز اور ڈیری فارمز سے 8180 لیٹر دودھ کے نمونے حاصل کیے گئے اور موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر ہی ٹیسٹ کیے گئے۔ ٹیسٹ کے دوران ملاوٹ ثابت ہونے پر 5 دکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ 9 مراکز کے مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی نے موقع پر 200 لیٹر ملاوٹی دودھ، خشک پاؤڈر کی بڑی مقدار اور 200 کلو غیر صحت بخش دہی تلف کر دیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرمانہ کردہ مراکز کے دودھ اور دہی میں پانی اور خشک پاؤڈر کی بھاری ملاوٹ پائی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کہا کہ عوام کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملاوٹ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی بی ایف اے نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنا کردار ادا کرے تاکہ یہ مہم کامیاب ہو سکے۔ ان کے مطابق مہم کے دوران عوام دودھ کی جانچ بالکل مفت کروا سکیں گے۔