کوئٹہ: آج بلوچستان کے فنکاروں اور آرٹسٹ کمیونٹی کے نمائندوں نے پارلیمانی سیکرٹری برائے ثقافت و سیاحت، نوابزادہ زرین خان مگسی سے ملاقات کی اور اپنے مسائل و مشکلات ان کے ساتھ شیئر کیے۔
وفد میں اے ڈی بلوچ، ڈاکٹر نزیر درانی، فنکاروں کے نمائندے میر بہرام بلوچ اور افتاب جبل شامل تھے۔
اس موقع پر نوابزادہ زرین خان مگسی نے فنکاروں کی آمد اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنکار ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور ان کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صرف فنکاروں کے اینڈومنٹ فنڈ تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس سے آگے بڑھ کر صوبے کی ثقافت اور سیاحت کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں تھیٹر، ڈرامہ، کلچرل پروگرامز اور فلم انڈسٹری کو فروغ دیا جائے گا تاکہ فنکار نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں بلکہ اپنے پیروں پر بھی کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی ثقافت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ملاقات کے دوران فنکاروں کے نمائندوں نے بھی حکومت کی جانب سے دلچسپی اور عزم کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات بلوچستان کے ثقافتی ورثے اور فنکار برادری کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوں گے۔